Saturday, October 20, 2018
Home > بین الاقوامی > بل گیٹس مسلسل چوتھی بار دنیا کے امیر ترین شخص قرار پائے۔

بل گیٹس مسلسل چوتھی بار دنیا کے امیر ترین شخص قرار پائے۔

نیوزڈیسک(آواز پوائنٹ):مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس مسلسل چوتھے سال ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص قرار پائے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے فوربز نے سال 2017 کی امیر ترین شخصیات کی فہرست جاری کی جس کے مطابق بل گیٹس 86 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

 نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ برس بل گیٹس کے اثاثوں کی مالیت 75 ارب ڈالر تھی اور اس طرح وہ 2016 کے دوران اپنے اثاثوں میں گیارہ ارب ڈالرز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔ گزشتہ 23 برسوں میں یہ 18 واں موقع ہے جب بل گیٹس نے دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

برک شائر ہیتھ وے کے سربراہ وارن بفٹ 75.6 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جو گزشتہ برس 60.8 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے۔

تاہم 2016 امیزون کے بانی جیف بیزوز کے لیے سب سے بہترین سال ثابت ہوا جو 12 ماہ کے دوران اپنے اثاثوں میں 27.6 ارب ڈالرز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے اور 72.8 ارب ڈالرز کے ساتھ نمبر 5 سے چھلانگ لگا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ چھٹے سے پانچویں نمبر آگئے جبکہ ان کے اثاثوں کی مالیت 55 ارب ڈالر رہی۔

یاد رہے کہ بل گیٹس نے مسلسل چوتھی بار دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *